حیدرآباد(آن لائن) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے کہا کہ اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز سے متعلق صنعتیں ملک کے لیے زرمبادلہ حاصل کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہیں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں جن سے مصنوعات تیار کی جاتی ہیں اُن کی غیر ممالک میں بہت مانگ ہے اور بہت پسند کی جاتی ہیں جن کی تجارت سے قومی خزانے کو ہر سال بہت زیادہ مقدار میں زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے ۔ اِس غیر ملکی تجارت سے لاکھوں پاکستانی وابستہ ہیں اور ملک و قوم کے لیے کام کر رہے ہیں۔ لیکن جب بھی حکومت کوئی معاشی پالیسی ترتیب دیتی ہے تو اسمال اور میڈیم کاروبار سے متعلق انڈسٹری کو یکسر نظر انداز کردیا جاتا ہے ۔ اُن کو ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کے بجائے کہ وہ ترقی کریں اُسی طرح ٹیکسوں کی شرحوں کا نفاذ کردیا جاتا ہے جو کہ کارپوریٹ کلاس کے لوگوں سے وصول کی جاتی ہیں۔