لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور،رحیم یارخان (نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،سٹی رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی 21ویں سالگرہ کے موقع پرملک بھر میں ملی جوش و جذبہ سے یوم تکبیر منایا گیا،ہرصورت میں اور ہرقربانی دیکروطن کے دفاع کا عہد کیا گیا اورملکی سلامتی، خود مختاری، سالمیت اورترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اورنوافل بھی ادا کئے گئے ۔گزشتہ روز یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارزاوردیگرتقاریب کا اہتمام کیا گیا،یہ دن 28 مئی 1998ء کو پاکستان کی طرف سے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کئے گئے ایٹمی دھماکوں کے تاریخی اقدام کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجہ میں پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا تھا۔ یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا سہرا بھی ن لیگ کے سر ہے ،نوازشریف نے بیرونی دبا ئواور پیشکش کو مستردکرکے ملکی مفاد کو ترجیح دی ۔مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے پاکستان کے جوہری ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور خطے میں امن کی ضمانت ہیں۔لاہور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں اور اداروں کے پیچھے نہ چھپو، آؤ مریم اور حمزہ سے میدان میں مقابلہ کرو۔ چور دروازے سے آنیوالوں کی عزت نہیں ہوتی۔ قوموں کی تقدیروں میں کبھی کبھار ایسے لمحات بھی آتے ہیں جب کوئی جرأت مند فیصلہ قوموں کی تقدیر سنوار دیتا ہے ۔ وہ بہادر اور جرات مند لیڈر جس نے 1998 میں 6 دھماکے کرکے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا،آج پاکستان کو ایٹمی ملک بنانے والا کہاں بیٹھا ہے ۔ نواز شریف کو دھماکے نہ کرنے کی 5 ارب ڈالر کی آفر ہوئی تھی۔ نواز شریف نے ان 5 ارب ڈالروں کو ٹھکرایا اور ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ عمران خان ووٹ کے ذریعے نہیں سازش کرکے اقتدار میں آئے ہیں۔اگر نواز شریف جیل سے باہر ہوں تونالائق اعظم کی حکومت ایک دن نہیں چل سکتی۔نوازشریف کے دور میں نریندر مودی اور واجپائی پاکستان آئے ۔ عمران خان چونکہ چور دروازے سے آئے اسلئے کوئی انکا ٹیلی فون تک نہیں سنتا، کوئی وزیراعظم نہیں مانتا، آپ کٹھ پتلی اور مہرے ہیں۔ہم نے تمہیں مودی کا یار نہیں کہا ،ہم چاہتے ہیں ہمسایہ ممالک سے دوستی ہو او رجنگ نہ لڑی جائے ،ہم دنیا کا امن چاہتے ہیں۔کہتے ہیں کہ کسی کو این آر او نہیں دونگا، آپ سے مانگ کون رہا ہے ؟ ،تم کسی کے اشاروں پرناچتے ہو، تم خود کسی کے محتاج اور اشارے کے منتظرہو، تم نے کیا این آر او دینا ہے ، یہ اچنبھے کی بات نہیں۔وزیرستان واقعہ پر وزیراعظم نے فوج کو جواب دینے کیلئے اکیلا چھوڑ دیا۔ تم بھکاری اعظم ہو 6ارب ڈالرکیلئے ملک کوآئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ دیا۔ جب ملک نا لائقوں اور نا اہلوں کے حوالے کر دو گے تو یہی حال ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے خطاب میں کہا کہ ہمارے خاندان کو لڑانے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ نیب کے ڈراوے ہمارے راستے کو نہیں بدل سکتے ۔ کارکن نوازشریف کے دیوانے ہیں۔ نیازی خان نیب کے پیچھے چھپ رہا ہے جو ہونے نہیں دینگے ۔ اس موقع پر رانا ثنا اﷲ ، پرویز ملک ، شائستہ پرویز ملک سمیت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد موجود تھی۔دریں اثنا 180ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہا کہ عمران خان نے کنٹینر پر چڑھ کر قوم کو سبز باغ دکھائے اورمہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، انہیں قوم کے سینے پر لگائے گئے مہنگائی کے زخموں کا حساب دینا ہو گا۔چیئرمین نیب کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بننی چاہئے ۔ قوم پوچھتی ہے کہ نیب شاہد خاقان کو کیوں بلاتاہے الیکشن کمیشن مریم اور خواجہ آصف کو کیوں بلاتا،میٹرو بس کے معاملے پر کے پی حکومت نے کہا سات ارب کی کرپشن ہوئی۔ احتساب کے نام پر تماشا ہورہاہے ، نیازی صاحب حسد اور بغض کی آگ میں جل رہے ہیں۔حکمرانوں کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے ۔ ہمیں احتساب کے نام پر انتقام برداشت نہیں۔ خسرو بختیار، فیصل واوڈا اور علیمہ باجی کی اربوں روپے کی جائیداد نکل آئی ان کو کوئی نہیں پوچھ رہا،نیازی تم سے کوئی پوچھے یا نہ پوچھے عوام ضرور پوچھیں گے ۔ بجٹ کے بعد غریب عوام پر قیامت ٹوٹنے والی ہے ،بنی گالہ میں بانسری بجانیوالے ،نالائقوں کے پاس ملکی معیشت کو بحران سے باہر نکالنے کا کوئی روڈ میپ نہیں ، تم نوازشریف کو جیل میں ڈال لو مریم ، خواجہ سعد رفیق، انجینئر قمر الاسلام، حافظ نعمان کو جیل میں ڈال لو ۔تمہیں نیب کے پیچھے نہیں چھپنے دیں گے ۔علاوہ ازیں ن لیگ لاہور کے زیر اہتمام یوم تکبیر کی تقریب سے پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر اور عامر خان نے خطاب کیا،اس موقع پر توصیف شاہ ،میاں مرغوب ، سعدیہ تیمور،سمیرا امجد اور دیگررہنما بھی موجود تھے ۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم تکبیر کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ن لیگ کے سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کی آنیوالی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا، آج دشمن ہم پر حملہ کرنے سے پہلے سوچنے پر مجبور ہے ۔پشاورمیں یوم تکبیرکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنماخواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کوایٹمی قوت بنانے والاکوٹ لکھپت جیل کی کال کوٹھری میں قیدہے ۔نواز شریف ووٹ کی عزت مانگنے کی سزاپارہے ہیں۔جتناجھوٹ 10ماہ میں عمران خان نے بولا،پاکستان کی تاریخ میں اسکا10فیصدبھی کسی نے نہیں بولا۔عمران خان نے اپنے اقتدارکیلئے ملک کی خودمختاری بیچ دی،خودکشی غیرت والے لوگ کرتے ہیں،عمران خان جیسے لوگ نہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیرستان میں معاملات کو مل بیٹھ کرحل کریں،کوئی ’’را‘‘کاایجنٹ ہے تو اسے کاٹ دیں،پاک فوج نے قربانیاں دے کرفتح حاصل کی،ن لیگ کے دورمیں مخالفت کے باوجودفاٹا کوکے پی میں ضم کیا،علاقہ غیر اب غیرنہیں اپناعلاقہ ہے ۔ موجودہ حکومت کے عمل نے ثابت کیا کہ اس کو لایا گیا ہے ۔تقریب میں پیرصابر شاہ، مرتضیٰ جاوید عباسی، اقبال ظفر جھگڑا اور رانا تنویر نے بھی شرکت کی۔کراچی میں ن لیگ سندھ کی تقریب سید شاہ محمد شاہ ،خواجہ طارق نذیر،علی اکبرگجر،رانا احسان اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوایٹمی طاقتوں کی صف میں لانے والے نوازشریف کیساتھ حکمرانوں کا رویہ شرمناک ہے ۔