اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اوربحریہ ٹائون نے مشترکہ طور پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کے پیش نظر بارہ کہو اور مضافات کے بعد شہزاد ٹائون میں بھی سپرے کا آغاز کر دیا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شہزاد ٹائون میں سپرے آپریشن جمعرات کو شروع کیاگیا جو تین دن تک جاری رہے گا۔شہزادٹائون میں سپرے پاکستان کی واحد اور جدید ترین درآمدکردہ ملٹی فنکشن ڈسٹ سپریشن مشینری کے ذریعے تیزرفتاری کے ساتھ کیا جارہا ہے ۔چیئرمین بحریہ ٹائون نے یہ مشینری چند دن قبل چین سے منگوائی ہے ، اس جیسی مشین سے ہی ووہان میں سپرے کیا گیا۔ قبل ازیں بدھ کو بارہ کہو اور اسکے مضافات میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کے پیش نظر سپرے کا عمل مکمل کر لیا گیا۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے تعاون سے بارہ کہو اور گردونواح میں کورونا وائرس کے انسداد کیلئے سپرے کیا گیا۔ اس دوران سمبلی ڈیم، پی ٹی وی کالونی اور شاہدرہ کے علاقوں میں سپرے کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اسکے علاوہ عمارات کے اندر سپرے کرنے والی ٹیموں نے پرائم منسٹر ہاؤس، نیب ہیڈ کوارٹرز اور این ڈی ایم اے ویئر ہاؤس میں بھی سپرے کیا ہے ۔بحریہ ٹائون انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹائون مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اورعوام کے شانہ بشانہ ہے اور رہے گا۔