اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ایکنک نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کی نظر ثانی شدہ لاگت 66ارب43کروڑ روپے کی منظوری دے دی،توانائی اور آبی وسائل کے 6 منصوبے بھی منظور کر لئے گئے ،وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت بدھ کو ایکنک کا اجلاس ہوا، ایکنک نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کی نظر ثانی شدہ لاگت 66ارب43کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔ ایکنک نے 79ارب92کر وڑمالیت کے سکی کیناری ، کوہالہ اور محل ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے ٹرانسمیشن نظام بچھانے کے منصوبے ، سندھ میں 12ارب84کروڑ روپے مالیت سے شمسی توانائی کے منصوبے ، درگئی ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن کی بحالی کے لیے 4ارب5کروڑ روپے لاگت کے منصوبے ، 16ارب 45کروڑ روپے مالیت سے بلوچستان میں پانی کے وسائل کی ترقی کے منصوبے اور دیامر بھاشا ڈیم کے تنگر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے چار کھرب79ارب68کروڑ روپے کی نظر ثانی شدہ لاگت کی منظوری دے دی ،ایکنک نے ضلع مانسہر ہ میں سکی کیناری ، مظفر آباد میں کوہالہ اور باغ آزادکشمیر میں محل ہائیڈرو پاور پروجیکٹس سے 500کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے منصوبے کی منظوری دی یہ منصوبہ سی پیک کے تحت مکمل کیا جائے گا، درگئی ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن ، مالاکنڈ کی بحالی کے منصوبے 22میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئے گی ، بلوچستان میں آبی وسائل کی ترقی کے منصوبے سے مسلم باغ ، قلعہ سیف اﷲ ،ژوب ، جھل مگسی ، اور قلات کے علاقے مستفید ہونگے ، پشاور بس ٹرانزٹ منصوبے کے بارے میں ایکنک کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ مارچ میں ابتدائی طور پر فعال ہو جائے گاتاہم جون 2019میں مکمل ہو جائے گا اس منصوبے کے تحت 27کلومیٹر بی آر ٹی سنگنل فری کوریڈور تعمیر کیا جائے گاجس میں تقریباً12کلومیٹر عام سطح زمین پر ، ساڑھے 12کلومیٹر ایلیویٹڈ اور سوا تین کلومیٹر انڈر پاس ہونگے ۔