کراچی ( سپورٹس ڈیسک) بابراعظم ، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، پاکستانی کپتان بابر اعظم نے چوتھی اننگز میں 607 منٹ کریز پر ٹھہر کر جدوجہد کی تاہم میچ پاکستان کے حق میں نہ کرسکے ۔آسٹریلیا کے 506 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان ٹیم 7 وکٹوں پر 443 رنز بناسکی۔ تین میچز کی سیریز اب تک 0-0 سے برابر ہے ۔کھیل کے پانچویں روز پاکستان کو جیت کیلئے 314 رنز جبکہ آسٹریلیا کو 8 وکٹیں درکار تھیں۔ کنگ بابر 196 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، نائب کپتان محمد رضوان104 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ، عبداللہ شفیق نے میچ میں چار سیشن بیٹنگ کرکے 96 رنز بنائے ۔بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فواد عالم صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔ فہیم اشرف صفر، ساجد خان9 بنا سکے ، نعمان علی صفر رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ ادھر پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں سب سے بڑی باری کھیل کر ڈان بریڈمین، رکی پونٹنگ، ویرات کوہلی اور برائن لارا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بابراعظم 196 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز میں دنیا کے کسی بھی کپتان سب سے بڑی اننگز ہے ۔ اس سے قبل یہ اعزاز یونس خان کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں پالے کیلی میں ناقابل شکست 171رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی اننگز میں 425 گیندیں کھیلیں اور اس طرح وہ کسی بھی میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ۔ بابر اعظم ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں 10گھنٹے بیٹنگ کرنیوالے پہلے ایشین بن گئے ۔بابر اعظم بطور کپتان سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔