اسلام آباد(نیٹ نیوز،92نیوزرپورٹ) وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ میں بھارتی فوج میں موجود تمام پنجابیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر میں ناانصافی اور ظلم کا حصہ نہ بنیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ظلم سے انکار کرنے کا مطالبہ کرنا مداخلت نہیں۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میں تمام انصاف پسند بھارتیوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ نریندر مودی کی فسطایت کے ساتھ حکومت کے اصولوں کو ماننے سے انکار کریں، کیوں کہ مزاحمت کے بغیر امن ممکن نہیں ۔ دریں اثنا وفاقی وزیر فوادچودھری ڈنمارک کی پارلیمنٹ پہنچ گئے ،ڈنمارک کے رکن پارلیمنٹ سکندرصدیق نے ان کااستقبال کیا۔فوادچودھری نے ارکان کومسئلہ کشمیرسے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی دنیامقبوضہ کشمیرکے معاملے پر اپنا کردار ادا کرے ، پاکستان کشمیریوں کیلئے ہرفورم پر آوازاٹھائے گا۔اس موقع پررکن پارلیمنٹ سکندرصدیق نے ایوان میں تحریک لانے کا فیصلہ کیا،سکندرصدیق نے کہاکہ وزیراعظم اورمتعلقہ حکام سے خصوصی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیاجائیگا جو مقبوضہ کشمیر کا دورے کرے اورانسانی حقوق پررپورٹ مرتب کرے ۔