اسلام آباد(خبر نگار)آڈیٹر جنرل پا کستان آفس نے زکوٰۃ اور بیت المال کے فنڈز میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کردی ہے ۔گزشتہ روزکورونا وائرس ازخودنوٹس کیس میں سپریم کورٹ میں زکوٰۃ اور بیت المال فنڈز سے متعلق آڈٹ رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سال 2019-20 میں محکمہ زکوٰۃ کا بجٹ 7ارب 38 کروڑ تھا۔مجموعی بجٹ کا 13 فیصد آڈٹ ہوا جو 961 ملین بنتے ہیں،ان 961 ملین میں سے 574 ملین کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ آڈیٹر جنرل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آڈٹ میں کل رقم کے ساٹھ فیصد میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق بیت المال کا کل بجٹ 5 ارب ہے ، بیت المال کے بجٹ میں 3.1 ارب بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کے مطابق بیت المال کے کل بجٹ میں بے ضابطگیوں کی شرح 62 فیصد ہے ۔