کراچی (کامرس رپورٹر)رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت ایک ارب 34کروڑ6لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں68.3فیصد زائد ہے جب کہ گزشتہ ماہ دسمبر میں 48کروڑ70لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جو دسمبر 2019کے مقابلے میں16کروڑ75لاکھ ڈالریعنی52.42فیصد زائد ہے ۔اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے تحت رواں مالی سال کے پہلے ششماہی جولائی تا دسمبر2019کے دوران مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 81کروڑ16لاکھ دالر رہا جب کہ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 37کروڑ70لاکھ ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کی گئی تھی ۔اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ششماہی کے دوران بیرونی نجی سرمایہ کاری ایک ارب 35کروڑ94لاکھ ڈالر رہی جس میں براہ راست سرمایہ کاری ایک ارب 34کروڑ6لاکھ ڈالر ،پورٹ فولیو سرمایہ کاری ایک کروڑ88لاکھ ڈالر رہی جب کہ گزشتہ سال مجموعی سرمایہ کاری 37کروڑ70لاکھ ڈالر تھی۔