اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، لیڈی رپورٹر، صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے حکومت نے وینٹی لیٹرز کی تیاری کیلئے برطانوی سٹینڈرڈ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔گزشتہ روزسماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وینٹی لیٹرز کے مزید ڈیزائن انجینئرنگ کونسل اور ڈریپ کو موصول ہوئے ہیں۔ کوالٹی کلیئرنس کا عمل مکمل ہوتے ہی وینٹی لیٹرز کے بنانے کا کام شروع ہو جائیگا۔وینٹی لیٹرز کے حوالے سے تفصیلات ڈریپ کی ویب سائٹ پرمہیا کر دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام کوروناکے حوالے سے وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کا کردار کے عنوان سے خصوصی آن لائن خطاب میں فواد چودھری نے ای گورنس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی پریشان کن صورتحال میں سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت پورے پاکستان میں لوگوں تک پہنچنے کیلئے براڈ بینڈ اور انٹرنیٹ خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے ہر طرح کاتعاون کرنے کیلئے تیار ہے ۔ وزیر اعظم جلد کورونا کیخلاف جنگ میں زندگیا ں قربان کرنیوالے ڈاکٹرز اور سٹاف کیلئے شہدا پیکیج کا اعلان کریں گے ۔ وزارت سائنس وٹیکنالوجی ٹیسٹنگ کٹس ، وینٹی لیٹرز ، حفاظتی سازوسامان کی تیاری میں معاونت کر سکتی ہے ، نجی شعبے سے کہا کہ وہ اس کام میں حکومت کی مدد کریں۔ "ایس ڈی پی آئی پالیسی سازی، تحقیق اور ترقی کے دائرہ کار کو بڑھانے میں حکومت کی مدد کرے ۔