اسلام آباد،لاہور، کراچی (خبر نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر ، آن لائن ، نامہ نگار خصوصی، سٹاف رپورٹرز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف پارلیمنٹ میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وفد کے ہمراہ سربراہ جے یوآئی( ف) مولانا فضل الرحمان سے ان کے گھر پر ملاقات کی، یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی بلاول کے ساتھ تھے ۔ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا صدرہوں، اکیلے فیصلے نہیں کرتا۔ اپوزیشن حکومت کے جعلی ہتھکنڈوں کو نا کام بنارہی ہے ۔ اپوزیشن متحد ہوکر پارلیمان میں کردار اداکرے گی ، جعلی اکثریت تسلیم نہیں کریں گے ۔ ہمارا پہلے دن سے مطالبہ عام انتخابات کا ہے ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو پارلیمان میں شکست کا سامنا ہے ۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن رات کے اندھیرے میں موخر کیا گیا۔حکومت کی پارلیمان میں حالیہ شکست اپوزیشن کی بڑی کامیابی ہے ،آئندہ بھی متحد ہوکرحکومت کی ہرسازش کوناکام بنائیں گے ۔ پارلیمان سے باہراتحاد پرکوئی بات نہیں ہوئی۔ پی ڈی ایم میں واپسی پرکوئی بات نہیں ہوئی۔پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے وفاقی وزیر اسد عمر کے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ بھی کرے گی اورلاکھوں کا ہجوم بھی اکھٹا کرے گی ۔وفاقی وزرا میں دم ہے تو عوامی سمندر کو روک کر دکھائیں۔ ادھر قانون سازی کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ایک اور رابطہ کیا ہے ۔سپیکر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے جس میں اپوزیشن لیڈر سے انتخابی اصلاحات بل اور دیگر اہم قوانین پر اتفاق رائے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔سپیکر اسد قیصر نے خط میں اپوزیشن لیڈر کو یقین دہانی کرائی کہ سپیکر آفس اس ضمن میں حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کے لئے مکمل سہولت فراہم کرے گا۔سپیکر نے تجویز پیش کی کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو وسیع تر قومی مفاد میں مشترکہ مفاد کی تمام اصلاحات پر پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر جامع فیصلے کرنے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے ۔ لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ4 سالوں میں نیازی نے کچھ نہیں کیا،ہم پی ٹی آئی کی مہنگائی، جھوٹ کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور سڑکوں پر نکلیں گے ، ریاست مدینہ کے دعویدار سے پوچھیں کہ توشہ خانہ کے تحائف کہاں گئے ؟ ، سردی آچکی ، گیس بحران سے ڈوبتی معیشت کو پھر دھچکا لگنے والا ہے ۔ (ن) لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ۔دریں اثنا ہوشربا مہنگائی سمیت دیگرعوامی مسائل پرملک گیراحتجاجی مہم کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سندھ آج ریگل چوک صدر میں احتجاجی مارچ اورمظاہرہ کرے گی،جس میں شرکت کے لیے مولانا فضل الرحمان کراچی پہنچ گئے ہیں ،ائیرپورٹ پرجے یوآئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد سومرو،مرکزی ترجمان اسلم غوری سمیت پارٹی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔