اسلام آباد،کراچی (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے مناظرے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہاکہ بلاول خوب رٹہ لگاؤ،پرچی بھی بناؤ،میں مناظرے کیلئے تیار ہوں،پارلیمنٹ،میڈیا یا عوامی فورم جس کا چاہو انتخاب کرو فیصلہ بھی آپکا۔ ظاہر ہے گفتگو کی ہمت وہ کرسکتا ہے جس کے گناہوں کی کہانیوں سے جے آئی ٹیز نہ بھری ہوں، مناظرہ قبول کرنے کی جرات وہ کرے گا جس نے عزیر بلوچ اور گینگ وارز کرنے والے نہ پالے ہوں ۔ مراد سعید نے کہاکہ فرزند زرداری کا ایک ایک لفظ انکا تعاقب کرے گا، بھاگنے نہیں دیں گے ۔دوسری طرف وفاقی وزیر علی زیدی نے سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی وصیت کو غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وصیت قوم کو بے وقوف بنانے کے لیے کافی تھی۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں علی زیدی نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ بلاول اور زرداری وصیت دکھائیں ۔