اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر )سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی ڈویژن مکران کے ضلع کیچ کی تحصیل زمران میں آپریشن کرکے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے 6دہشتگرد ہلاک کردیئے ،آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پاروم کے قریب زمران کے پہاڑی سلسلے میں آپریشن کیا،کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فرارہونے کی کوشش کی اورفورسزپرفائرنگ کی،فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے 6دہشتگرد مارے گئے ،دہشتگردوں کے ٹھکانے سے مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے ،ہلاک ہونیوالے دہشتگرد پنجگور،پروم اور گردونواح میں فوجی قافلوں پرآئی ای ڈیز حملوں میں ملوث تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اورگولہ بارود برآمد ہوا۔ دہشتگردوں نے اسلحہ علاقے میں امن و امان خراب کرنے کیلئے استعمال کرناتھا۔ سکیورٹی فورسزبلوچستان کے امن،استحکام اورترقی کویقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں،سکیورٹی فورسزبلوچستان کی ترقی سبوتاژکرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔