اسلام آباد ، سرینگر،نئی دلی (نیوزایجنسیاں)یورپی یونین نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں عائد پابندیاں فوری طور پر ہٹا لے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یورپی یونین کی ترجمان برائے امور خارجہ اور سلامتی پالیسی ورجینی بٹو ہنر کسن نے انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے کہا یورپی یونین کی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر ہے اور علاقے میں انٹرنیٹ کی فوری بحالی اور نظر بند رہنمائوں کی رہائی کیلئے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالا جائے گا۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ کو مسلسل 195ویں روزبھی جاری فوجی محاصرے اور موبائل انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے وادی کشمیر کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ قابض انتظامیہ نے آئی اے ایس کے سابق افسر اور جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے سربراہ شاہ فیصل پرکالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا ۔ قابض انتظامیہ نے شاہ فیصل کو گزشتہ برس چودہ اگست سے نظر بند کر رکھا ہے ۔ بھارتی پولیس نے سرینگر سے چار نوجوانوں عرفان ، مدبر اعجاز، وحید اشرف راتھراور غلام محی الدین ڈار کو گرفتار لیا۔ قابض حکام نے سید علی گیلانی کی رہائشگاہ کے اردگرد بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی۔واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر ایویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر سید عبداﷲ گیلانی نے سید علی گیلانی کی جلدصحتیابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے ۔