اسلام آباد ،راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی ، وقائع نگار، 92 نیوزرپورٹ)بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹرپر بلا اشتعال فائرنگ کردی۔آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2خواتین سمیت 3شہری زخمی ہوگئے ۔بھارتی فورسز کی جانب سے جان بوجھ کرشہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا،پاک فوج نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ دریں اثنا پاکستان نے سینئر بھارتی سفارتکار کو طلب کرکے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر شدید احتجاج کیا ۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ سینئر بھارتی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے ۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ سٹریٹجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے ۔ بھارت نے رواں سال 1823مرتبہ جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیاں کیں جس میں 14 بیگناہ شہری شہید اور138 زخمی ہوئے ۔ ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔