کراچی(کامرس رپورٹر)ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج نے گراوٹ کا گذشتہ 12 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، مارکیٹ میں5 ہزار 393 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔کروان وائرس کے سبب جہاں دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی وہیں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی مندی زبردست مندی کا رجحان رہا اور ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ نے گراوٹ کا 12 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، اس سے قبل ایک ہفتے کے دوران اتنی بڑی گراوٹ سال 2008 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ شدید مندی کے باعث انڈیکس 36ہزار ، 35ہزار، 34 ہزار ، 33ہزار ، 32 ہزار اور31ہزار پوائنٹس کی5نفسیاتی حد سے نیچے گر تا ہوا30ہزار پوائنٹس کی انتہائی کم ترین سطح پر بند ہوا جس کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 887ارب روپے ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب روپے سے کم ہو کر 59 کھرب روپے رہ گیا جبکہ73فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے 4دن مندی کے اثرات غالب رہے جس کی وجہ سے انڈیکس 5931.05پوائنٹس کم ہو گیا جبکہ1دن کی تیزی سے انڈیکس 537.58پوائنٹس ریکور ہو ا مگر مجموعی طور پر مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے رہے ۔سٹاک ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے خوف پاکستان کی مارکیٹ پر بھی شدت کے ساتھ اثر دکھا رہا ہے گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید ترین مندی کی لپیٹ میں رہی اور کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 5396.47 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 36060.88 پوائنٹس سے کم ہو کر 30667.41 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 2479.61پوائنٹس کی کمی سے 16016.64پوائنٹس سے گھٹ کر 13537.03 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 25291.96پوائنٹس سے کم ہو کر 22106.41 پوائنٹس پر آگیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمایے میں 8کھرب 87 ارب 89 کروڑ 95لاکھ 15ہزار964روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم کر 67 کھرب 95 ارب74کروڑ54لاکھ 76 ہزا ر 802 روپے کم ہو کر59کھرب 9 ار ب 84 کروڑ 59 لاکھ60 ہزار 838روپے ہو گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ11ارب روپے مالیت کے 24کروڑ 3ہزار79ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم5ارب روپے مالیت کے 18کروڑ66لاکھ54ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر1766کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 411کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1293میں کمی او ر 62 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ بینک آف پنجاب ،میپل لیف ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،پاک پیٹرولیم،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ ،پاک انٹر نیشنل بلک ،حیسکول پیٹرول ،حب پاور کمپنی ،ڈی جی کے سیمنٹ ،پائینر سیمنٹ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،ایچ بی ایل انویسٹ فنڈ،سوئی نادرن گیس اوراینگرو فرٹیلائزر سر فہرست رہے ۔