اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پاکستان سمیت دنیابھرمیں عالمی یوم جمہوریت آج منایاجائے گا۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ،سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصراورڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے عالمی جمہوریت کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ملک کو مضبوط کیا جا سکتا ہے اور ہم اقتصادی طور پر خود کفیل ہو سکتے ہیں ۔ گزشتہ روزچیئرمین سینٹ نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت نہ صرف قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے بلکہ پائیدار امن اور ترقی کا پیش خیمہ بھی ہے ۔ صرف جمہوری نظام ہی آزادی رائے ، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ آج 15ستمبر کوعالمی یوم جمہوریت منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کریں۔ ادھرسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عالمی یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت اقتصادی و سماجی ترقی ، عالمی امن اوربنیادی انسانی بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتی ہے ۔امن ، انسانی حقوق اور ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے جمہوریت کا ہونا نا گزیر ہے ۔ سپیکر نے کہا کہ جمہوری نظام ایک مشترکہ قدر ہے جس کی بنیاد پر عوام آزادانہ طور پر سیاسی اقتصادی ثقافتی نظام میں شرکت کر سکتے ہیں ،جمہوریت کی خوبصورتی یہ ہے کہ ملک کو در پیش مسائل کا حل مقامی طور پر ڈھونڈا جائے ۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے عالمی یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور تمام سیاسی قوتیں قومی اہمیت کے حامل مسائل پر متحد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ملک کو مضبوط کیا جا سکتا ہے اور ہم اقتصادی طور پر خود کفیل ہو سکتے ہیں۔