اسلام آباد،لاہور کراچی (نامہ نگار،جنرل رپورٹر،نمائندہ92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں تعلیمی ادارے سخت ایس او پیز کیساتھ ستمبر میں کھولنے پر اتفاق کرلیاگیا،حتمی منظوری این سی اوسی آج دے گا جبکہ پرائیویٹ سکولز نے فیصلے خلاف پرامن احتجاج کا اعلان کردیاہے ۔ تعلیمی اداروں کی بندش کے مسئلے پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔تمام صوبوں نے اپنی آرا پیش کیں اور احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) کے ساتھ تعلیمی اداروں میں امتحانات کی اجازت دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں تعلیمی اداروں کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں سخت ایس او پیز کے ساتھ کھولنے پر اتفاق کرلیا گیا اور پیشہ ورانہ تعلیم کے امتحانات لینے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ یکم ستمبر سے پہلے دو اجلاس کیے جائیں گے جس میں اس حوالے سے مزید تفصیلات طے کی جائیں گی۔صوبوں سے مشاورت کے بعد تجاویز قومی رابطہ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری آج دے گا۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی تجویز پر وفاقی وزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم کو چھوٹے سکولوں کو بلاسود قرضہ فراہم کرنے کی تجویز پر عملدرآمد کیلئے سفارش کی جائے گی۔ آن لائن ویڈیو کانفرنس میں شر یک وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ ایس او پیز پر کام مکمل کر کے ایس او پیز گائیڈ لائن بھجوا دی ہیں ، موجودہ حالات میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ سنگین ہے ۔ہمارے طلباء اور اساتذہ کو کورونا سے ہر ممکن محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن وکالجز ایسوسی ایشن نے سکولز اگست تک بند رکھنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں جائز مطالبات کیلئے پرامن احتجاج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ لائحہ عمل مشاورت سے طے کریں گے ۔چئیرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کاشف مرزا نے چیف جسٹس پاکستان،آرمی چیف،وزیر اعظم،وزرااعلی،گورنرز سے اپیل کی کہ SOPs کے تحت دیگر شعبہ جات کی طرح سکولز بھی کھولے جائیں۔پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے عالمی معیار کے SOPs تیار اورجاری کر دیے ہیں نجی سکولز،پیف وپیماکا معاشی قتل کیا جارہا ہے ۔تعلیمی اداروں کی بندش سے 50%تعلیمی ادارے مکمل بنداور10لاکھ لوگ بے روزگار ہوجائینگے ۔وزیراعظم ٹیچرز کیلیے ’’تعلیمی ریلیف پیکیج‘‘کااعلان کریں۔آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین اور آل سندھ پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور سیکریری دوست محمد دانش نے بھی ستمبر تک تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے فوری کھولنے کامطالبہ کیاہے ۔