اسلام آباد،پشاور(خصوسی نیوز رپورٹر،92نیوز ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دو اہم قومی ایشوز پر اپنے ایگزیکٹو اختیارات پارلیمنٹ کو ریفر کر دیئے ہیں، قومی سلامتی سمیت تمام اہم ریاستی اداروں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ، قومی سلامتی کے اداروں کے حوالے سے ہم سب کا کردار ذمہ دارانہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی تمام جماعتیں بھی قومی سلامتی اور قومی مفادات کی بھی اتنی ہی ضامن ہیں، جتنی حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا قومی شناخت کے ایشوز کو سیاست سے پاک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا قومی اور عسکری قیادت مل کر نئی سوچ اور امیج کے ساتھ ملک کو ہر محاذ پر مضبوط اور مستحکم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا 2020 امید ،ریلیف اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان پر جہاں پاکستان کے 22کروڑ عوام اعتماد کر رہے ہیں، وہیں خطے اور مسلم ممالک کی قیادت بھی وزیراعظم پر اعتماد کر رہی ہے ، یو اے ای کے سربراہ کا پاکستان کا دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی ادویات اور بیج کی اقسام میں ملاوٹ کرنے والے مافیا کے خلاف بھی سخت اقدامات کی ہدایات کی ہے ۔صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے گزشتہ رات لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پشتو کی لیجنڈ گلوکارہ مہ جبین قزلباش کی عیادت کی، قومی ٹیم کے ممتاز کرکٹر فاسٹ بولر شاہین آفریدی پشتو کے مایہ ناز شاعر اباسین یوسفزئی،نواز خان شانگلہ بھی ان کے ہمراہ تھے وہ کچھ دیر ان کے پاس ر ہے اور ڈاکٹروں سے ان کے علاج معالجہ بارے بریفنگ لی،شوکت یوسفزئی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ان کے علاج معالجہ پر بھر پور توجہ دیں کیونکہ مہ جبین قزلباش بہت بڑی لیجنڈ ہیں اور ان کی فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔