اسلام آباد(خبر نگار،این این آئی)سپریم کورٹ میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کا مبینہ ویڈیو سکینڈل کیس 23جولائی ( منگل) کو سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمر عطا ئبندیال پر مشتمل 3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کر یگا ۔اس ضمن میں سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے اٹارنی جنرل انور منصور خان اور درخواست گزاروں کے وکلاکو نوٹس جاری کردیا ہے ۔دوسری جانب جج کی متنازعہ ویڈیو پنجاب سائنس فرانزک لیبارٹری بھیج دی گئی ہے ۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق تصویر اور آواز ایک ہی شخص کی ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق کی جا ئیگی جبکہ یہ بھی دیکھا جا ئیگا کہ آڈیو اور ویڈیو ایک ساتھ ریکارڈ ہوئی یا الگ الگ۔ذرائع نے بتایاکہ فرانزک کے دوران الیکٹرانک جعل سازی یا ایڈیٹنگ کی جانچ بھی کی جا ئیگی۔ ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے کو ابھی تک ویڈیو بنانے والی ڈیوائس نہیں مل سکی جس کے باعث ویڈیو کی جانچ پڑتال میں تاخیر کا خدشہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈیوائس موجود ہو تو فرانزک ایک سے دو روزمیں مکمل ہو جاتی ہے ۔