اسلام آباد،کراچی(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار،سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظرپاک بحریہ کے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ساحلی ، کریک ایریا، کراچی میں بحری یونٹس اور سمندر میں تعینات جنگی جہازوں کا دورہ کیا۔ نیول چیف کوجوانوں اور بحری یونٹس کے مختلف شعبہ جات میں آپریشنل تعیناتیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دوروں کے دوران نیول چیف نے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور وطن کے نا قابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے میں انکی پیشہ وارنہ مہارت اور بلند حوصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ دشمن کی عددی برتری کے باوجود ہم ہر قیمت پر ملک کے بحری دفاع کو یقینی بنانے اور بحری مفادات کی حفاظت کرنے کیلئے ہر دم چوکنا ہیں ۔ایڈمرل ظفر عباسی نے کہا کہ ہم امن پسند ملک ہیں مگردشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی انتہائی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی آبدوز کابروقت سراغ لگانا پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ہم جارحیت نہیں چاہتے لیکن اگر دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارااﷲ پر ایمان، ہمت اور وطن کی حفاظت کا جذبہ ہماری صلاحیتوں کو اور استحکام عطا کرتا ہے ۔ نیول چیف نے تربت میں نیول ایئرسٹیشن اور مشرقی سرحد سے ملحق کریک ایریا میں اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا۔