اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی کابینہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے غیرمعمولی سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا،وزیرِ اعظم نے حکم دیا کہ گریڈ 22 اور اعلیٰ عدلیہ کو پی ایم پیکج کے تحت دوسرا پلاٹ الاٹ کرنے کاسلسلہ اور اسے پی ایم پیکیج کانام دینے کا سلسلہ فوری طور پر ختم کر دیا جائے ، وزیر اعظم نے اسد عمر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں شیریں مزاری، شہزاد اکبر اور فروغ نسیم موجود ہیں اور یہ کمیٹی ایک جامع پالیسی لے کر آئے گی،کورونا کے مریضوں کو لگائے جا رہے ریمز وائر کے انجکشن کی قیمت 5ہزار 680 روپے سے کم کر کے 3ہزار 967 روپے مقرر کردی گئی،کابینہ نے کامران علی افضل کو چیف سیکرٹری پنجاب اور راؤ سردار علی خان کو آئی جی پنجاب مقرر کرنے ، مریم خاور کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ایکسپو سنٹرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ہوا ۔اجلاس میں 19 سے زائد نکات پر مشتمل ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔کابینہ نے کامران علی افضل کو چیف سیکرٹری پنجاب اور راؤ سردار علی خان کو آئی جی پنجاب، مریم خاور کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ایکسپو سنٹرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ری ایڈمیشن سے متعلقہ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کا معاملہ موخر کر دیا ، اس مفاہمتی یاداشت کے ذریعے ایک چارٹرڈ فلائٹ کو برطانیہ سے اسلام آبادآنے کی اجازت دیئے جانے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ ملک میں سینما انڈسٹری کی بحالی کی غرض سے کابینہ نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی فلمیں (ماسوائے بھارتی فلموں) درآمد کرنے کی تجویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائے ۔ کابینہ نے جہاز چلانے والے تجربہ کار افراد(Seafarers) کو انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق ’’کی ورکرز‘‘کا درجہ دینے کی منظوردی۔ کابینہ نے Remdesivir 100 MG انجکشن کی رٹیل پرائس 5680روپے سے کم کرکے 3967روپے کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے نیشنل کونسل برائے طب کے ممبران کی تعیناتی، پاکستان میڈیکل کمیشن کے ملازمین کے لئے والنٹری سیورنس سکیم (Voluntary Severance Scheme) اور گولڈن ہینڈ شیک سکیم، شکیل احمد کو چیئرمین ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں روزویلٹ ہوٹل کے مالی معاملات، 42کنٹونمنٹ بورڈ الیکشنز کے حوالے سے 215ملین روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ اور کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی معاونت جیسے معاملات کے حوالے سے فیصلے کئے گئے ۔عمران خان نے حکم دیا کہ گریڈ 22 اور اعلیٰ عدلیہ کو پی ایم پیکج کے تحت دوسرا پلاٹ الاٹ کرنے کا سلسلہ اور اسے پی ایم پیکیج کانام دینے کا سلسلہ فوری طور پر ختم کر دیا جائے کیونکہ وزیرِ اعظم کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا یہ انتہائی غیر اخلاقی ہے کہ غریب افراد سے انکی زمین ارزاں قیمت پر لے کر مخصوص طبقوں کو فائدہ پہنچایا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کہ اس روش کی حوصلہ شکنی کے لئے اگر قانون سازی کی بھی ضرورت ہو تو قانون لایا جائے ۔کابینہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین جوائنٹ سکیورٹی کمیشن کے قیام کے حوالے سے بین الحکومتی پروٹوکول پر دستخط کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے چار ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی،ان میں نور زمان، مختار، عبدالقیوم اور سہیل اکرم شامل ہیں۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فوادچودھری نے کہا سسٹم شفاف اور نیوٹرل ہو جائے تو شریف خاندان کا تو کوئی مستقبل نہیں لہٰذا مریم نواز اور بلاول صرف اس صورت میں وزیر اعظم بن سکتے ہیں جن میں سے ایک تو یہ کہ پاکستانیوں کی قسمت ہی بہت خراب ہو اور دوسرا یہ کہ اتنی دھاندلی ہو کہ یہ پاکستان میں آجائیں۔