اسلام آباد(خبر نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سپریم جوڈیشل کونسل کے احکامات سپریم کورٹ میں چیلنج کردیئے ہیں۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اعلٰی عدلیہ کے ججوں کی سرکاری رہائش کے تزین و آرائش کے اخراجات کا ریکارڈ منگوانے کے بارے دائر درخواستیں خارج کرنے کے سپریم جوڈیشل کو نسل کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے انصاف کے تمام تقاضے اور اصول پامال کرتے ہوئے جلد بازی میں آرڈر جاری کیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کے لئے لازمی ہے کہ تمام ججوں کے ساتھ یکساں سلوک ہو اور یکساں معیار اپنایا جائے لیکن استغاثہ کو سنے بغیر ان کی درخواستیں خارج کی گئیں۔