اسلام آباد،راولپنڈی ،کراچی (خبر نگار،92 نیوز رپورٹ) جعلی اکائونٹس کیس میں چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض نے نیب کے نوٹس کو سنجیدہ نہ لیا،نیب راولپنڈی نے ملک ریاض کو 2 بجے اوران کے داماد زین ملک کو گزشتہ روز سہ پہر3بجے طلب کیاتھا مگرملک ریاض اورزین ملک دونوں ہی پیش نہ ہوئے ،ابتدائی تحقیقات کے مطابق اربوں روپے کی ٹرانزیکشنزبحریہ ٹائون کے اکائونٹس سے کی گئی تھیں،ادھرسپریم کورٹ نے 460 ارب روپیہ سات سال میں ادا کرنے کی بحریہ ٹائون کراچی کی پیشکش قبول کرلی ، جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی عمل درآمد بینچ نے 460 کے عوض زمین کو قانونی حیثیت دیدی اور نیب کو فی الوقت بحریہ ٹائون کراچی کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے بحریہ ٹائون کراچی کے خلاف ریفرنس کی نقل عدالت کے ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کی ،عدالت نے بحریہ ٹاؤن کو ڈاؤن پیمنٹ کی مد میں 27اگست تک 25ارب روپیہ ادا کرنے کا حکم دیا اور قرار دیا کہ ا دائیگی میں ناکامی پر نیب بحریہ ٹائون کراچی کے خلاف کارروائی میں آزاد ہوگا۔ ادھر نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کو بھی طلب کرلیا،قائم علی شاہ کو شوگرملزکوسبسڈی دینے کے معاملے پر 27مارچ کو طلب کیاگیا،سبسڈی اومنی گروپ کی شوگرملز،ٹھٹھہ،دادو،کھوسکی اوردیگرملزکودی گئی،اس وقت کے چیف سیکرٹریز اوردیگراداروں کے سیکرٹریز کو بھی طلب کیاگیاہے ۔