اسلام آباد ( خبر نگار خصوی،نمائندہ خصوصی سے ) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبہ اورعقیدت و احترام سے منا ئی گئی، مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کی گئی اور سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا فریضہ ادا کیا گیا جبکہ آج تیسرے روز بھی جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے ۔ رواں سال حکومت نے یہ عید مسئلہ کشمیر پر یکجہتی کے نام کی ، نماز عید کے اجتماعات میں کشمیریوں کے حق میں، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اور وطن کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔صدر مملکت عارف علوی نے فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عید ادا کی، وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں نماز عید پڑھی۔ملک کے طول و عرض میں اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانفشانی اور لگن کے باعث کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا۔کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مظفر آباد میں نماز عید ادا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراور گورنرپنجاب چودھری سرور نے نماز عیدالاضحی بادشاہی مسجد میں خطیب امام مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی امامت میں ادا کی، ملکی ترقی ، خوشحالی و سا لمیت،کشمیری عوام کی بھارتی ظلم سے نجات اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا مانگی جبکہ لوگوں سے عیدبھی ملی،دونوں نے بادشاہی مسجد کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے ۔چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر،ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہبازگل،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ڈاکٹر شعیب اکبر، سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد رانا محمد علی،کمشنر لاہور، سی سی پی او اور متعلقہ حکام نے بھی بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی بھی کی۔