لاہور( این این آئی )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجروں سمیت کوئی بھی شعبہ اصلاحات اور معیشت کو دستاویزی صورت دینے کے خلاف نہیں تاہم تباہ حال کاروبار پر مہم جوئی کی بجائے مرحلہ وار آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ،تاجروں سے مشاورت کے بغیر کیسے عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیکسز اور دیگر شرائط کو پورا کرنے کی حامی بھرلی گئی ،شناختی کارڈ کی شرط میں 31دسمبر تک توسیع کی گئی ہے ،تاجروں کے معاملات کے حل کیلئے کمیٹی بنے گی ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفترمیں مختلف مارکیٹوں کے تاجررہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر محبوب سرکی ، میاں طارق فیروز، محمد شہزادبھٹی ،نعیم بادشاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اشرف بھٹی نے کہاکہ تاجروں نے اپنے اتحاد سے ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنے حقوق اور جائز مطالبات منوانے کے لئے متحد ہیں اور 29اور30اکتوبر کی کامیاب ملک گیر ہڑتال اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ تاجر کی دکان پر ٹیکس دینے کا اعلان ایف بی آر نہیں تاجروں کی کمیٹی کرے گی ۔