اسلام آباد،لاہور(خبر نگار،نامہ نگار خصوصی) عدالت عظمیٰ نے وفاقی دارلحکومت کے مستقل کئے گئے ڈیلی ویجز اساتذہ کو بھرتی ہونے کی تاریخ سے پنشن کی ادائیگی کا حکم دیا ہے ۔تین رکنی بینچ نے تمام انیس اپیلیں خارج کرتے ہوئے ڈیلی ویجز دورانیہ کو سروس میں شامل کرنے کا فیڈرل سروس ٹربیونل کے فیصلے کو برقرار رکھا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ڈیلی ویجز اساتذہ کے ساتھ حکومت کے ناروا رویئے پربرہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ کونسا قانون کسی شخص کو دس سال سے زائد عرصہ کے لیے ڈیلی ویجز ملازم رکھنے کی اجازت دیتا ہے ۔چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ اگر ان ڈیلی ویجز ملازمین کو نکال دیا جاتا تو اور بات ہوتی لیکن انکو مستقل کرنے کے بعد جائز حقوق سے محروم کرنا کہاں کا انصاف ہے ؟۔حکومت نے تو اساتذہ کو دہاڑی دار بنادیا ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے زیر غور معاملے میں اساتذہ کے تقررکے طریقہ کار کا جائزہ لینے کی استدعا کی عدالت نے حکومتی اپیلیں خارج کرکے معاملہ نمٹادیا۔جعلی بینک اکائونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دائر ریفرنسز اسلام آباد سے کراچی منتقل کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے آبزرویشن دی کہ ملزمان کے خلاف اسلام آباد میں ریفرنسز دائر کرنے کاسات جنوری 2019کا فیصلہ حتمی ہے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد روکا جاسکتا ہے نہ ہی فیصلے کو تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کیا تو فاروق ایچ نائیک نے ریفرنسز میں نامزد تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرنے کی بھی استدعا کی۔ جسٹس منیب اختر نے کہااتنے ملزمان کو نوٹس جاری کرنا لازمی نہیں۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے فاروق نائیک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ میلہ لگانا چاہتے ہیں تو لگا لیں ہم کیس کو اس حساب سے ہی سنیں گے ۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے تین رکنی بنچ نے ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کا حکم معطل کرتے ہوئے بغیر ہیلمیٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی عدم فراہمی کا عدالتی حکم معطل کردیا۔جسٹس منظور ملک نے ریمارکس دیئے کہ کیا اگر کوئی تندور پر بغیر رومال ٹوکری جائے گا تو اسے روٹیاں نہی ملے گی، قانون بنانا اسمبلی کا کام ہے ایگزیکٹو کا کام اس پر عمل کرانا ہے ۔عدالت عظمیٰ نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف بلوچستان حکومت کی اپیل باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کر لی ۔