اسلام آباد،لاہور (خبر نگار خصوصی،نمائندہ خصوصی سے ،92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ رواں برس حج کے خواہشمند عازمین اپنی تیاری جاری رکھیں۔سعودی حکومت نے کورونا احتیاطی تدابیر کے تحت حج 2021 کیلئے 60 ہزار عازمین حج کی تعداد مقرر کر دی ہے ۔ 15 ہزار حجاج لوکل جب کہ 45 ہزار حجاج باقی ملکوں سے حج کی سعادت حاصل کرینگے ۔امید ہے کہ 45 ہزار میں سے پاکستانی حجاج کو بھی کوٹہ ملے گا۔نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی حکومت نے اعلان کے ساتھ 9 صفحات پر مشتمل احتیاطی تدابیر اور شرائط جاری کی ہیں جس کے مطابق عمر کی حد 10 تا 90 سال اور مطلوبہ جسمانی صحت کا سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا جب کہ مستند کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اور پی سی آر کا نیگٹو ٹیسٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔دریں اثناء وفاقی وزیرنورالحق قادری نے سعودی وزیرحج و عمرہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حج کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔بعد میں اپنے بیان میں نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی وزارت حج نے ابھی حجاج کی تعداد اور ایس اوپیزپرکوئی فیصلہ نہیں کیا،سعودی وزارت صحت نے کچھ سفارشات تیارکی ہیں،فیصلے سے قبل سعودی عرب پاکستان کواعتمادمیں لے گا،میری ذمہ داری ہے اصل حقائق سے عوام کوآگاہ کروں۔بعد ازاں چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے وفاقی وزیر سے ان دفتر میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ادھرذرائع نے انکشاف کیا کہ رواں سال کورونا کے باعث پاکستان کو ملنے والا حج کوٹہ سرکاری سکیم کی بجائے مکمل طور پر ائیویٹ سیکٹر کے ذریعے استعمال کرایا جا سکتا ہے ۔ سعودی حکومت کے مختص کردہ کوٹے کے مطابق پاکستان سے کل عازمین حج کی تعداد10 سے 12ہزار تک متوقع ہے جبکہ ایس او پیز کے تحت مہنگا ترین حج کرانا بھی وزارت مذہبی امور کیلئے ایک بڑا چیلنج ہو سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سرکاری کی بجائے پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والی حج کمپنیوں میں بہترین شہرت کی حامل کمپنیوں کو کہا جا سکتا ہے کہ وہ قابل برداشت پیکیج پر محدود تعداد کے عازمین کو حج کرا دیں۔ حج درخواست گزارکیلئے ضروری ہو گا کہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں 14روز قبل لگوائی ہوں اور پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا، عازمین کو اپنے ملک میں سعودی حکومت کی جانب سے منظورشدہ ویکسین لگوانا ہوگی ۔وزارت صحت کے مطابق عازمین کوسعودی عرب پہنچنے سے قبل اپنی حکومت کے منظورشدہ لیبارٹریوں سے پی سی آرٹیسٹ کروانا ہوگا، پی سی آر ٹیسٹ سعودی عرب پہنچنے کی تاریخ سے 72 گھنٹے سے زائد کا نہ ہو، اور پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو جہاز پر چڑھنے نہیں دیا جا ئیگا۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حج مقامات پر پہنچنے پرعازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس، ویکسی نیشنز اور پی سی آرٹیسٹ کی جانچ پڑتال کی جائے گی جبکہ سعودی عرب میں مقررہ رہائش گاہ پہنچنے پر 3روز قرنطینہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان نے سعودی حکومت سے چینی ویکسین کو قبول کرنے کی درخواست کی ہوئی ہے ۔