اسلام آباد، لاہور، لودھراں ، پشاور، کراچی ( وقائع نگار خصوصی، خصوصی نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر، سٹاف رپو رٹر، خصوصی نمائندہ، نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں، 92 نیوز رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرائسٹ چرچ میں حملہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے حملے کی خبر حیران کن اور رنجیدہ کرنے والی ہے ۔ انہوں نے کہا نفرت کے آغاز کے بعد اس کا اختتام بہت مشکل ہوتا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا حملے سے شدید صدمہ پہنچا ہے ۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔ بڑھتے ہوئے حملوں کے پیچھے 9/11 کے بعد تیزی سے پھیلنے والا "اسلاموفوبیا" کار فرما ہے جس کے تحت دہشت گردی کی ہر واردات کی ذمہ داری مجموعی طور پر اسلام اور سوا ارب مسلمانوں کے سر تھوپنے کا سلسلہ جاری رہا۔ مسلمانوں کی جائز سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کے لیے بھی یہ حربہ آزمایا گیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا دہشت گردوں کا تعلق کسی مذہب اور فرقے سے نہیں ہوتا۔ دہشت گرد امن کے دشمن ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا،قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز ، قائدحزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفرالحق ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدیدمذمت کی ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معصوم جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا پاکستان ایسے وقت سے گزر چکا ہے اس لئے درد سمجھ سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر شفقت محمود، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے حملوں کو مسلم کمیو نٹی اور انکی عبادت گاہو ں کے خلاف حملہ قرار دیا اور کہا مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب اس دہشت گرد حملے کی بڑی وجہ ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے دہشت گردی کی مذمت کی ہے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں نے عبادت گاہوں کو اپنے گھناؤنے اقدام کا نشانہ بنایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا پوری دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ایک صفحہ پر آنا ہوگا ،دہشت گردی ایک ناسور ہے اس ناسور کو ختم کرنا ہوگا۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے افسوس اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا امید ہے دہشت گردجلد کیفر کردار تک پہنچیں گے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیا فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کرکے مسلمانوں کی حفاظت اور انہیں دہشت گردی سے بچانے کی حکمت عملی طے کی جائے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کرائسٹ چرچ مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے ۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا دکھ اور غم کی گھڑی میں ہم نیوزی لینڈ کی حکومت ،عوام اور متاثرہ خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ پاکستان علما کونسل اور متحدہ علما بورڈ کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا امن پسند قوتوں کو متحد ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔ جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا نہتے مسلمانوں کا قتل قابلِ تشویش اور قابل نفرت ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بات نیوزی لینڈ کی ایوان نمائندگان کے سپیکر ٹریور میلارڈکے نام اپنے خط میں کہی، انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ شدید مذمت