اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،اے پی پی ،صباح نیوز) وزیر اعظم کے میڈیا ایڈوائزر افتخار درانی نے اعلان کیا ہے کہ 29نومبر 2018کو حکومت کی 100 روزہ کامیابیوں کا اعلان کر دیا جائے گا ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آئندہ اسمبلی سیشن سے سوالات کے جوابات کا سلسلہ شروع کر دیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہائوس کے حوالے سے کفایت شعاری کرتے ہوئے 14کروڑ70لاکھ روپے بچا لئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے 200ملازمین کو مختلف اداروں میں کھپا چکے ہیں،صرف دو لوگ وزیراعظم ہا ؤس میں رکھے ہوئے ہیں جبکہ سوا سو دیگر ملازمین جلد دوسرے مرحلے میں منتقل ہو جائینگے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذرائع ابلاغ کے تمام واجبات کو کلیئر کر دیا جائے گا۔اگر کسی میڈیا ہائوس سے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے تو اس میں حکومت کی کوئی عمل دخل نہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ کے گھر کی سکیورٹی کو بلیو بک کے مطابق بنانے اور وزیراعظم آفس میں ذاتی مہمانوں کی ریفریشمنٹ کے تمام اخراجات خود برداشت کئے جو ایک نئی مثال ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے ملتان میں انتظامی ڈھانچہ پلان کیا جارہا ہے ۔افتخار درانی نے کہا کہ وہ پاکستانی ہیں ، ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے ، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے پر پیش رفت جاری ہے ، اس حوالے سے سکیورٹی خدشات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔