لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،صباح نیوز) حکومت نے عید الاضحی کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق 11 اگست کی شام سے 14 اگست کی شام تک ملک میں کہیں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر خرابی کو دور کرنے کے لیے ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں گی جبکہ عید کے دنوں کے لیے خصوصی ڈیوٹیاں اور مانیٹرنگ کا انتظام کیا جاچکا ہے ۔دریں اثنا لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق لیسکو نے عید الاضحیٰ کے تینوں دن لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ، چیف ایگزیکٹو لیسکومجاہد پرویز چٹھہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں لیسکو کے پی ڈی سی آفس میں ایکسئنز اور ایس ڈی اوز کی سطح کے افسران کی سپیشل ڈیوٹیوں کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔