لاہور(نامہ نگار)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے لاہور کے مقامی ھوٹل میں تاجروں سے کہا کہ حکومت پنجاب مہنگائی کو ختم کرنے میں بالکل بھی سنجیدہ نہیں ، مہنگائی کے خلاف چلائی جانے والی نام نہاد مہم صرف پوانٹ سکورنگ کے لئے چلائی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال ضرورت سے زیادہ پھرتیاں دکھا کر یہ ثابت کرنا چاھتے ہیں کہ وہ بہت کام کررھے ہیں جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ھے ، حکومت حقیقی مہنگائی کو مصنوعی ہتھکنڈے استعمال کر کے کیسے ختم کر سکتی ھے ؟ مہنگائی کا اصل سبب ڈالر کی اونچی قیمت، بجلی، گیس و پٹرول کی قیمتوں کی اونچی اڑان، مہنگی ٹرانسپورٹ و مینوفیکچرنگ و ان پٹ کاسٹ ھے ، حکومت معاشی محاز پر اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ھے۔ میاں اسلم اقبال ، پنجاب کے تمام کمشنرز کے ساتھ روزانہ ویڈیو کانفرنس کرتے ہیں اور تاجروں پر ایف آئی آر درج کروانے اور جرمانے عائد کرنے کے احکامات صادر فرماتے ہیں، نعیم میر نے کہا کہ ضلعی سطح پر اشیائخوردونوش کے ریٹوں کا تعین کرنے والی کمیٹیاں بے اثر ھو چکی ہیں۔