اسلام آباد( آن لائن )پاکستان کے نامور و معروف اداکار خالد انعم نے بچوں کے لیے سیپ آفیشل نامی نیا یوٹیوب چینل لانچ کردیا ،اس حوالے سے اداکار نے کہا کہ چینل کے ذریعے پاکستان کی نئی نسل نہایت دلچسپ انداز میں اپنی قومی زبان سیکھ سکے گی۔خالد انعم کے مطابق جب ہم بھی چھوٹے تھے تو ہمارے والدین زیادہ تر ہمیں انگریزی گانے ’’ ٹونکل ٹونکل‘‘ یا’’ بابا بلیک شیپ‘‘ ہی سناتے تھے ، اس سے ہوا یہ کہ ہم اپنی قومی زبان اردو کی عزت کرنا بھول گئے ،انہوں نے کہا کہ ہم تب ہی ایک کامیاب قوم بن سکتے ہیں جب ہم اپنی زبان سیکھیں اور اس میں ہی فخر محسوس کریں ۔خالد انعم کے مطابق میں سندھی، پنجابی اور پاکستان کی دیگر کئی مقامی زبانوں میں چیزیں تیار کرنا چاہتا ہوں اور بچوں کے لیے آسان الفاظ میں نئے گانے تحریر کروں گا، آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ سکول جانے سے قبل بچوں کی تیاری ہے ۔