راولپنڈی(رپورٹر92نیوز)اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر فریدہ راشد نے کہا ہے کہ خواتین کا ملکی ترقی میں بے مثال کردار ہے اور وہ ممالک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتے جن میں خواتین کو نظر انداز کیا جاتا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد ایک سیمینار کے شرکاء سے کیا ،جس کا انعقاد یونیورسٹی کے شعبہ وومین ڈویلپمنٹ سٹڈیز نے ایف اے او اور انٹر نیشنل سنٹر فار انٹیگریٹڈمائونٹین ڈویلپمنٹ کے تعاون سے کیا گیا تھا فریدہ راشد نے اپنے خطاب میں بچوں اور مائوں کی غذائیت کی کمی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان میں 50 فیصد بچوں کی اموات خوراک کی کمی کی وجہ سے ہو رہی ہیں ۔ ہاشو فاؤنڈیشن کی نمائندہ مس عائشہ خان نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں دنیا میں 151 ویں مقام پر ہے ۔