اسلام آباد(وقائع نگار)نیشنل ہائی وے اتھارٹی صوبہ خیبر پختونخوا میں جاری شاہراتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ رواں سال مزید نئے منصوبوں پر کام کا آغاز کرے گی، نئے منصوبوں پر کام کے آغاز سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ این ایچ اے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق موجودہ حکومت نے کوہاٹ،گمبیلہ روڈ پر کام شروع کیا ہے جو رواں سال مکمل ہوگا جبکہ پرانے بنوں روڈ اور کوہاٹ،پنڈی گھیب روڈ پر بھی جاری ترقیاتی کام اسی سال مکمل ہوجائے گا۔ اسی طرح چترال،شندور روڈ پر بھی کام شروع ہو گیا ہے جبکہ درہ آدم خیل روڈ مکمل ہوچکی ہے ۔ سی پیک کا مغربی روٹ گلگت سے چترال، دیر، سوات، پشاور اور ڈی آئی خان سے ژوب، کچلاک تک مکمل کیا جائے گا۔ آئندہ بجٹ میں گلگت،چترال سڑک شامل کی جارہی ہے ۔سوات موٹر وے کے دوسرے مرحلے پر کام جولائی تک شروع ہوجائے گا جبکہ دیر موٹروے پر کام اسی سال شروع ہوجائے گا جبکہ چترال،آواران،بامبورہ روڈ پر کام جولائی سے پہلے ہی شروع کردیا جائے گا۔سی پیک کے مغربی روٹ سے پسماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔دیر موٹروے ، سوات موٹروے اور پشاور ،ڈی آئی خان موٹر وے کو بھی سی پیک میں شامل کیا گیاہے ۔