اسلام آباد،کراچی (آن لائن،سٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پیپلزپارٹی وطن کے دفاع میں پیچھے نہیں ہٹے گی اور پاک فوج کے ساتھ ہے ، موجودہ صورتحال میں متحد ہوکر دنیا کو مثبت پیغام دیا گیا،پاک بھارت کشیدگی کے موقع پر اپوزیشن نے اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کسی نے ہمارے وزیراعظم کو سکیورٹی رسک ڈیکلیئر نہیں کیا، قومی اتحاد ملک کے مفاد میں ہے ، پیر کو اسمبلی میں تقریر کا موقع نہیں ملا،آج کروں گا، یہ وطن قربانیوں سے حاصل کیا گیا اور پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔مرحوم جام ساقی کی پہلی برسی پر جاری کردہ پیغام میں انہوں نے کہامرحوم جام ساقی نے ملک میں آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں، مرحوم کی محنت کش طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد ملکی سیاسی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے ۔ وہ ان چند رہنماوَں میں سے ایک تھے جو اپنے دل کی بات بلاخوف و خطر اور ببانگ دہل کہتے تھے ۔