اسلام آباد (این این آئی)پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے سربراہ سید فخر امام نے کہا ہے کہ کشمیر میں طویل عرصہ سے جاری لاک ڈائون ختم کرانے کے لئے دنیا کے بڑے ممالک اپنا کردار ادا کریں تاکہ گھروں میں محصور کشمیریوں کی کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال میں عالمی امدادی ادارے مدد کو آ سکیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھی کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، اس صورتحال میں یہ وقت ہے کہ عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ وہ عالمی امدادی اداروں کو کشمیر تک رسائی دے تاکہ محصور کشمیریوں تک امدادی سامان پہنچایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وبا کی شکل اختیار کرچکا ہے اور اس صوتحال میں یاسین ملک، علی گیلانی، آسیہ اندرابی سمیت گرفتار حریت رہنمائوں کو فوری رہا کیا جائے ۔انہوں نے کہا بھارت میں میڈیا آزاد نہیں ہے ،وہاں دانشور طبقہ کی زبان بندی کی جارہی ہے ۔