اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے پنوں عاقل کادورہ کیا ،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کوفوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں،صحرائی تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے فیلڈفائرنگ رینج میں فارمیشن کی تربیتی مشقوں کامشاہدہ کیا ، پاک فوج کے جوانوں نے جنگی مشقوں کامظاہرہ کیا،جوانوں نے صحرامیں دفاع،فائراوردیگرمشقیں کیں ۔آرمی چیف جوانوں سے بھی ملے ، آرمی چیف نے جنگی تیاریوں اور تربیتی معیارکوسراہا ۔آرمی چیف نے کہا کہ تربیتی امور میں مختلف ہتھیاروں اور خد مات کا موثر انضمام ضروری ہے ،جنگ کے دوران دشمن کو موثر جواب دینے کیلئے بہترین تربیت ناگزیر ہے ،صحرا میں تحفظ ماحول ، علاقائی دفاع کو مضبوط بنانا کلیدی ہے ،آرمی چیف نے سرسبز شادات پاکستان مہم کے تحت شجرکاری بھی کی،آرمی چیف گاؤں دتار ڈنو پنوں عاقل میں سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کے خاندان سے ملے ، آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی حزب اللہ 5 ستمبر کو کوئٹہ میں ایف سی پر بارودی سرنگ حملے میں شہید ہو گئے تھے ، آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو شہدا کے خاندانوں کی بھرپور فلاح و بہبود کی ہدایات دیں، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے جان دینے والوں کے لواحقین کی فلاح یقینی بنائیں گے ، آرمی چیف نے خاندان کی خیریت بھی دریافت کی۔