اسلام آباد، ملتان ، کراچی ( خبر نگار خصوصی،خبر نگار، نیٹ نیوز ) سابق صدر آصف زرداری نے نواز شریف اور فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر نے کہا کہ سینٹ الیکشن سے قبل استعفے نہ دیئے جائیں، ہم ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے حق میں بھی نہیں، پی ڈی ایم مل کر سینٹ الیکشن لڑے تو 15 سے زائد نشستیں حاصل کرسکتی ہے ، سابق وزیراعظم نواز شریف نے زرداری کے مؤقف سے اختلاف کیا۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم استعفے دے دے تو سینٹ الیکشن کر انا مشکل ہوگا۔ فضل الرحمٰن نے جواب دیا کہ اس معاملے کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حل کریں گے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آفتاب خان شیرپاؤ سے ملاقات کی دونوں رہنماؤں کے درمیان حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے پر گفتگو ہوئی ہے ۔بلاول نے آفتاب شیرپاؤ کو شہید محترمہ بینظیربھٹو کی برسی میں شرکت کی دعوت دی۔علاوہ ازیں بلاول نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو ٹیلی فون بھی کیا اور پی ڈی ا یم کے اہداف پرگفتگو کی۔بلاول نے محمود اچکزئی کو بھی بینظیربھٹوکے یوم شہادت پر جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ دریں اثنا بلاول ہائوس ملتان میں تقریب سے آڈیو خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ منتخب حکومت ہی مہنگائی کے طوفان سے عوام کو نکال سکتی ، جیالوں نے ملتان جلسہ میں سب کو سکھا دیا کہ مزاحمت کیسے ہوتی ہے ، تمام قوتوں کو یہ پیغام دیدیا گیا ہے کہ یہ کٹھ پتلی نظام نہیں چل سکتا ۔ کراچی(رپورٹ : ایس ایم امین) لانگ مارچ کے لئے پیپلزپارٹی کی حکمت عملی طے کرلی گئی، بلاول نے لانگ مارچ کیلئے بھرپور تیاری کی ہدایت کر دی،بلاول کراچی سے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے ،سندھ اورپنجاب کی ضلعی تنظیموں کوبلاول کی قیادت میں قافلے کے استقبال کے لیے تیاریوں کی ہدایت کردی گئی ہے ،پیپلزپارٹی بلوچستان کا قافلہ سکھر میں لانگ مارچ میں شامل ہوگا،راستے میں دیگر شہروں کے قافلے شامل ہونگے ،لانگ مارچ کے موقع پرپیپلزپارٹی نے بلاول کی قیادت میں بھرپورسیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔