اسلام آباد،لاہور( سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،92 نیوز رپورٹ،صبا ح نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے کی معافی نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر زور دار تھپڑ ہے ، وہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ڈھونڈ سکے ،اب جھوٹ ،فریب اورکردارکشی کی عمارت منہدم ہوگئی ،نواز شریف کی بے توقیری میں عمران نیازی نے کوئی کسر نہ چھوڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ آرمی چیف نے اجلاسوں میں کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے ہمیشہ عزت دی، جب بھی افواج پاکستان کے حوالے سے کوئی کام کہا تو کبھی انکار نہیں کیا۔ دوسری جانب شہباز شریف نے راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کہا ہے کہ عمران خان نیاز ی کو زیادہ ہی شوق ہے تو پرانے ساتھیوں کے پاس بھارت چلا جائے ۔ اجلاس میں 26 مارچ کو راولپنڈی میں تاریخی جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے ٹویٹ کرتے کہا کہ موسوی کا معافی نامہ عمران خان کے خلاف چارج شیٹ ہے ،اسکو بتانا ہو گا کہ قوم کا پیسہ اپنے انتقام کی آگ ٹھنڈی کرنے پر بہانے کا اختیار اسکو کس نے دیا؟،نواز شریف کا صبر، تمہارے جبر سے جیت گیا۔حمزہ شہباز نے عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ عمران خان نے جتنی اننگز کھیلنی تھی کھیل لی، اب اپوزیشن گگلی کرے گی اور حکومت کلین بولڈ ہوگی، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ، جب لانگ مارچ لاہور سے چلے گا تو آپ کو پتہ چلے گا کہ جلسہ کیا ہوتا ہے ، تحریک عدم اعتماد بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوگی۔