اسلام آباد (این این آئی) پولینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ملک محمد فاروق نے اسلام آباد چیمبر کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید کے ساتھ پاکستان و پولینڈ کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔۔ملک محمد فاروق نے کہا کہ پاکستان کی پولینڈ کے ساتھ تجارت بہت کم ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ تاجر برادری پولینڈ کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے اور یقین دہائی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ ان کوششوں میں نجی شعبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ پولینڈ کی کمپنیاں پاکستان میں 5Gاور موبائل نیٹورک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرکے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان کی بیرونی ممالک کے ساتھ تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے میں پاکستان کے سفارتخانے اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ میں پاکستان کا سفارتخانہ پاکستان کی تاجر برادری کیلئے پولینڈ کی مارکیٹ میں کاروبار اور برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرے ۔