اسلام آباد(اظہر جتوئی) وزارت صنعت و پیداوار کے ذیلی ادارہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے سابق ایم ڈی اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کے درمیان اختیارات کی جنگ میں چیئرمین بورڈ جیت گئے ،وزارت صنعت و پیداوار نے وزارت کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری مشتاق احمد کو یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا قائم مقام چارج دیدیا ۔ذرائع کے مطابق یو ایس سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ذوالقرنین خان اعلیٰ حکومتی شخصیت کی سفارش پر تعینات کئے گئے ، چیئرمین بورڈ نے تعینات ہونے کے بعد ایم ڈی آفس کو اپنا دفتر بنانے ،گاڑی اور دیگر مراعات مانگ لی تھیں،جس پر اس وقت کے ایم ڈی واجد علی خان سواتی نے جواب دیا کہ ایس ای سی پی رولز کے تحت آپ آفس، گاڑی اور دیگر مراعات کے حامل نہیں ہیں،جس پر سرد جنگ شروع ہوگئی تھی۔