اسلام آباد(خبر نگار)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈاکٹرثانیہ نشترنے ’’ احساس انڈر گریجوایٹ سکالرشپ پروگرام ‘‘ کے سلسلے میں گزشتہ روز قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آبادکادورہ کیا۔ڈاکٹرثانیہ نشترنے پاکستان کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء سے گفتگو میں کہا کہ احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام میں کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے ذہین و مستحق طلباء کو شامل کیاجائے گا تاکہ ان کے تعلیمی اہداف کو کامیابی کیساتھ حاصل کرنے میں ان کی مدد کی جائے ۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی طالب علم مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے ۔ڈاکٹرثانیہ نشترنے یقین دلایا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پوری طرح پُرعزم ہے کہ اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں وہ طلباء فائدہ اٹھائیں جو حقیقی طور پر ضرورتمند ہیں۔سکالرشپس کے باقاعدہ اجرا کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹرثانیہ نشترکیمپس میں انڈرگریجوایٹ طلبا کیساتھ بیٹھیں اور ان سے گفتگو کی،طلبہ اور طالبات نے حکومت کے احساس انڈر گریجویٹ سکالرشپ پروگرام کی تعریف کی۔ نائب چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی نے کہا کہ سرکاری شعبہ کی یونیورسٹیوں میں انڈرگریجوایٹ پروگراموں میں تعلیم حاصل کرنے والے کم آمدنی والے گھرانوں کے تمام طلبا درخواست دینے کے اہل ہیں۔