اسلام آباد (اے پی پی) چینی سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت رشکئی اقتصادی زون میں ایک ہزار صنعتی یونٹ لگیں گے جس سے ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار ملے گا، مستقبل میں 12 لاکھ روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ گزشتہ پانچ سالوں میں 75 ہزار لوگوں کو روزگار مل چکا ہے ، اگلے مرحلے میں تربیت یافتہ انسانی وسائل تیارکرنا ہیں جس پر دونوں ممالک خصوصی توجہ دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’سی پیک سکل ڈویلپمنٹ اور روز گار کے مواقع‘‘ کے موضوع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی پیک پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن دائود بٹ، سی پیک ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنٹر فار ایکسی لینس ڈاکٹر عبدالجلیل، وائس چانسلر پائیڈ ڈاکٹر اسد زمان اور نارویجین سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری ڈویلپمنٹ جورن ڈبلیو پیڈرسن بھی موجود تھے ۔ چینی سفیر نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح مؤقف ہے کہ اگلے مرحلے میں سی پیک کے تحت زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کے حالیہ دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں میں دوسرے ممالک کی شرکت ایک اچھاشگون ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ملکوں کے مابین معیشت، تجارت اور معاشرتی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیاگیا تھا۔ آئندہ چین سے سوشل اکنامک ڈویلپمنٹ کے حوالے سے وفد پاکستان کر دورہ کرے گا جو دونوں ممالک کے درمیان مختلف پراجیکٹس کا جائزہ لیں گے ۔