اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے ملک میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے یہ مسائل پیدا ہوئے ہیں،ایسی نااہل اور کرپٹ حکومت کبھی نہیں آئی، ملک میں گیس نہیں ،ہم تیل کے معاملات بھی دیکھ رہے ہیں، یہ قطر سے گیس کے معاملہ پر کیڑے نکالتے رہے ،وہ معاہدہ نہ ہوتا تو پتہ نہیں ہماری حالت کیا ہوتی۔ شہباز شریف نے ایک صحافی کے سوال پر کہا توشہ خانہ کیس میں ہر چیز قانون کے مطابق ہوگی۔شہباز شریف کے زیرصدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوا۔وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کو بتایا کہ حکومت کی اولین ترجیح معیشت کا استحکام اور مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے ، ہم رمضان المبارک کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے ۔وزیراعظم نے راول چوک فلائی اوور منصوبہ کا دورہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ راول چوک فلائی اوور منصوبہ یکم ستمبر تک مکمل کیا جائے ۔ وزیراعظم نے راول چوک فلائی اوور منصوبہ کی تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن کو ہدایت کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا اور کہا کہ اس کی انکوائری کرائی جائے تاکہ تاخیر کے اسباب معلوم کئے جاسکیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جاسکے ۔علاوہ ازیں سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے مبارکباد پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر طرح کے حالات میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔مزیدبرآں شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی کے تہنیتی پیغام پر کہا ہے کہ آپ سے دوستی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے ، دونوں ممالک کے تعلقات کو مزیدگہرا اور وسیع کرنا چاہتے ہیں۔ قطر کے نائب امیر عبداللہ بن حماد بن خلیفہ الثانی نے بھی وزیراعظم کو مبارکباد دی۔دریں اثناء وزیراعظم سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔ فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا آپ کی قیادت میں اجتماعی دانش اور کاوش نے ملک اور قوم کو مشکل سے نکالا۔شہباز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کہا بلوچستان کی ترقی اور احساس محرومی کا خاتمہ ہمیشہ سے مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ترجیح رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔شہباز شریف نے مسجد اقصیٰ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے تشدد میں اضافہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فاشسٹ حکومت کو گھر بھیجنے کا مرحلہ آسان نہیں تھا۔