لندن (اے ایف پی) برطانیہ کی انجن ساز کمپنی ’’ رولز رائس ‘‘ نے ’’ فلائنگ ٹیکسی ‘‘ کے نام بجلی سے چلنے والی ہائی برڈ گاڑی کی تیاری کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے جو عمودی طور پر لینڈنگ اور پرواز کرے گی، یہ 5 سال کے عرصے میں زیر استعمال لائی جاسکے گی۔وسطی انگلینڈ کے علاقے ڈربی میں قائم اور لندن میں رجسٹرڈ ایروسپیس ادارے رولز رائس کی الیکٹرک ٹیم کے سربراہ راب واٹسن نے کمپنی کے اس منصوبے کا انکشاف برطانیہ کے شہر فان بورو میں جاری ایئرشو کے موقع پر کیا۔رولز رائس نے کہا کہ یہ عمودی طور پر لینڈنگ اور پرواز کرنے والی اپنی طرز کی پہلی (پروٹو ٹائپ) گاڑی ہوگی جس کی تیاری آئندہ ڈیڑھ سال (18 ماہ ) میں مکمل ہوجائے گی تاہم اس کی پرواز 2020 ء کے اوائل میں جبکہ مارکیٹ میں فروخت تین سے پانچ سال میں ممکن ہوسکے گی۔اس میں 4 سے 5 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی جس کی حد پرواز 500 میل (805 کلومیٹر) اور زیادہ سے زیادہ رفتار 200 میل فی گھنٹہ ہوگی۔