لاہور،کراچی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خبر نگار خصو صی، مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ 92 نیوز ،صباح نیوز) پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کیا ،کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے ۔اپوزیشن جماعتوں نے پٹرولیم منصوعات میں اضافے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام دشمن فیصلہ کیا،قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔جماعت اسلامی اورجمعیت علماء اسلام(ف) کے زیراہتمام لاہور وحدت روڈ پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔مظاہرین نے سڑک بلاک کردی ، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی اور مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 12 روپے سے زائد اضافہ ظالم ،جھوٹی اور کرپٹ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے ، حکومت کے خاتمے تک مہنگائی کا ظلم ختم نہیں ہوگا ، عوام کو ظالم حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہوگا عوام کو مہنگائی کی سزا دینے والی حکومت سے نجات دلاکر ریلیف دیں گے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ قیمت میں ہوشربا اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے ،حکومت نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے ، قبول نہیں کریں گے ، کم از کم اقتدار کے آخری دنوں میں تو عمران خان کو پاکستان کے غریب عوام پر ترس کھانا چاہیے ،جاتے جاتے عمران خان نے عوام پر مہنگائی کی بمباری تیز کردی ۔ بلاول کا طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے بھی کہنا تھا کہ نسل نو نااہل کے مقابلے کیلئے تیار ہے ، 27 فروری کو عوامی مارچ ہو گا، نا اہل ٹولے کو گھر بھیج کر رہیں گے ۔ سینیٹر شیری رحمن نے ٹویٹ میں کہا کہ پٹرولیم نر خوں میں ریکارڈ اضافہ عوام دشمن حکومت ہی کر سکتی ہے ، ان کا گھر جانا ہی اب عوام اور ملک کے مفاد میں ہے ۔ سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ کرپشن اور مہنگائی سے تباہ حال عوام الناس پر پٹرول بم گرایا گیا ، مہنگائی سونامی حکمران ہفتہ وار منی بجٹ پیش کر رہے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 12روپے فی لٹر سے زائد اضافہ ناقابل قبول ہے ،حکومت یہ اضافہ فوری واپس لیکر عوام کو ریلیف فراہم کرئے ،نا اہلوں کا ٹولہ عوامی نمائندگی کے حق سے محروم ہو چکا ہے ۔سید حسن مرتضی نے کہا کہ اس ظالم سلیکٹڈ ، کٹھ پتلی نے عوام سے آخری نوالہ تک چھین لیا، حکمرانوں کو رسوا کر کے اقتدار سے نکالا جائے گا۔سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام پر ایک بار پھر پٹرول بم گرایا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، حکومت مہنگائی کی وجہ سے پہلے سے ہی پریشان عوام کو سزا دے رہی ہے ،عوام موجودہ حکومت سے تنگ اور حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدرامیر حیدر خان ہوتی نے تخت بھائی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ، حکومت کو گھر بھیجنا پڑے گا،پی ڈی ایم نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تو ہم اس کار خیر میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے