لاہور،پشاور،اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے /اپنے خبر نگار سے ،جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر )سرکاری تعطیل کے باوجود ہفتہ کو بھی حکومت پنجاب کی جانب سے افسروں کے تقرر و تبادلوں کا سلسلہ جاری رہا۔ صرف تین یوم میں سیکرٹری اطلاعات و کلچر، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن دوسری بار تبدیل کر دئیے گئے ،جبکہ خیبرپختونخوا ،آزادکشمیر کے چیف سیکرٹری اور آئی جی بھی تبدیل کر دئیے گئے ۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ظفر اقبال سیکرٹری تعلیمات (سکولز ایجوکیشن) کو تبدیل کر کے کمشنر سرگودھا ڈویژن تعینات کر نے کے ساتھ ان کی تعیناتی تک کمشنر سرگودھا ڈویژن کی آسامی گریڈ21میں اپ گریڈ کر دی گئی ۔ کیپٹن (ر) محمد محمود سیکرٹری تعلیمات (سکولز ایجوکیشن ) کو تبدیل کر کے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ، سیکرٹری اطلاعات و کلچر مومن آغا کو سیکرٹری تعلیمات (ہائر ایجوکیشن ) پنجاب تعینات کر دیا گیا جبکہ سیکرٹری اطلاعات و کلچر کی اضافی ذمہ داریاں بھی تاحکم ثانی مومن آغا کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ محمود حسن کمشنر سرگودھا ڈویژن کو ممبر پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) لگا دیا گیا ۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے متعدد افسروں کے تقررو تبادلے کئے ہیں ۔ڈاکٹر محمد سعید کو چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میانوالی ، ڈاکٹر عظمت عباس کو ایم ایس ٹی ایچ کی تاندلیانوالہ ، ڈاکٹر شہزاد منور حسین ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ ، ڈاکٹر عبدالغفار ایم ایس ٹی ایچ کیو شاہکوٹ ، ڈاکٹر حافظ عبدالرحمان ذیشان ڈی ڈی ایچ او فیصل آباد اور ڈاکٹر اقبال حسین وٹو ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال فیروزوالہ تعینات کر دیا گیا ۔خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نوید کامران بلو چ اور آ ئی جی صلاح الدین محسود کو تبدیل کردیا گیا ۔ حکومت نے کے پی کے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ اور آئی جی ا صلاح الدین محسود کو ہٹادیا۔ کے پی کے میں گریڈ 21 کے محمد سلیم کو نیا چیف سیکرٹری تعینات کیا گیا جبکہ گریڈ 22 کے نوید کامران بلوچ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ پولیس سروس کے گریڈ 22 کے افسر محمد نعیم خان کو کے پی کے کا نیا پولیس سربراہ مقرر کیا ۔ محمد نعیم خان آئی جی آزاد کشمیر کے طور پر ذمے داریاں انجام دے رہے تھے ، ان کی جگہ سابق آئی جی کے پی کے صلاح الدین محسود کو نیا آئی جی آزاد کشمیر مقرر کیا گیا ۔ ادھر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 21 کے مطہر نیاز راناکو چیف سیکرٹری آزاد کشمیر لگا دیا گیا جبکہ گریڈ 21 کے خواجہ داؤد احمد کی خدمات ڈیپوٹیشن پر سپریم کورٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ خواجہ داؤد اس سے قبل چیف سیکرٹری آزاد کشمیر تعینات تھے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردئیے ہیں۔