لاہور(احتشام الحق) آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریزکھیلنے کے لئے قومی ٹیم کے سکواڈ کے انتخاب کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت جاری ہے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق تین ون ڈے میچوں کے لئے ٹیم کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔ محمد نواز اور شاداب خان کے فٹنس مسائل کے باعث سلیکشن کمیٹی کو مشکلات درپیش ہیں، ذرائع کے مطابق شاداب خان کے متبادل کے طور پرلیگ سپنر زاہد محمود کا نام زیر غور ہے ۔ پاکستان کپ کے لیے ناردرن ٹیم کو جوائن کرنے کے باوجود شاداب خان ڈاکٹر کی ہدایت پر میچ نہیں کھیلے ۔ محمد حسنین کا نام غیر قانونی بائولنگ ایکشن کے باعث زیر غور نہیں جبکہ نوجوان محمد حارث کا نام ون ڈے سیریز کے لیے زیر غور ہے ۔ ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر فہیم اشرف اورفاسٹ باؤلر حسن علی کی ون ڈے ٹیم میں واپسی کا امکان ہے ۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاک آسٹریلیا وائٹ بال سیریز بھی اب راولپنڈی کے بجائے لاہور میں کھیلی جائے گی۔