اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،آن لائن،اپنے نیوز رپورٹر سے )احتساب عدالت اسلام آبادکے جج ارشد ملک نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی یونس کوڈواوی کو مسلسل عدم حاضری پر مفرور قرار دیتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔ احتساب عدالت کے باہر اشتہار چسپاں کر دیا گیا اور بذریعہ اشتہار ملزم کی عدالت طلبی کے حکم میں کہا گیا ہے کہ 30 دن میں اگر پیش نہ ہوئے تو یونس کوڈواوی کو مفرور ملزم کے بجائے اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔احتساب عدالت کے محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت خارج ہونے پراسلام آباد ہائیکورٹ سے تحویل میں لیے گئے ملزم ایگزیکٹو ڈائریکٹر لینڈ کراچی سجاد عباسی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔احتساب عدالت لاہور نے ایل ڈی اے سٹی میں اربوں روپے کے کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت تین ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید سات روز کی توسیع کردی۔احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے اربوں روپے کے غبن کیس میں نیشنل بینک کے وائس پریزیڈنٹ عثمان سعید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی،نیب نے ملزم کے خلاف تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں ملوث لیگی رہنماحافظ نعمان سمیت تین ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔