اسلام آباد،لاہور،پشاور(نامہ نگار،نامہ نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت اسلام آبادمیں آصف زرداری وغیرہ کے خلاف پارک لین ریفرنس میں گواہ پر جرح جاری رہی،عدالت نے آصف زرداری اور خواجہ انور مجید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی اورسماعت 14جنوری تک ملتوی کرکے گواہ کو آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونے کی ہدایت کردی۔احتساب عدالت لاہورکے ایڈمن جج جواد الحسن نے خواجہ سعد رفیق کے خلاف پیراگون ہائوسنگ سٹی ریفرنس میں مزید دو گواہوں اسلم گجر اور محمد سلیم کو طلب کرلیا ،دوران سماعت لیگی رہنما کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ،بعد ازاں امجد پرویز نے نیب پراسیکیوٹر سے معذرت کی، خواجہ برادران کے وکلا نے گواہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے اقصیٰ جبیں پر جرح کی۔نیب گواہ نے بتایا تفتیشی افسر کو پیراگون سوسائٹی کا جو ریکارڈ دیا گیا وہ تصدیق شدہ ہے اوراس میں سعد رفیق کا نام نہیں،غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی میں پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کا نام نہیں تھا،نیب تفتیشی افسر کا لیٹر ریکارڈ کے ساتھ لف کیا ،عدالت نے لیٹر کی کاپی خواجہ برادران کے وکلا کو فراہم کرنے کا حکم دیا،نیب حکام کو باقاعدہ ریکارڈ فراہم کیا گیا مگر نیب کے تفتیشی کو نہیں دیا گیا۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سی ڈی اے افسران کے خلاف صفاء گولڈ مال ریفرنس میں وکیل صفائی کی طرف سے سوالنامہ کا جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت اٹھارہ جنوری تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت نے جج کی رخصت کے باعث لوک ورثہ فنڈزمیں مبینہ کرپشن ریفرنس پرسماعت بغیر کارروائی چار فروری تک ملتوی کردی ۔احتساب عدالت لاہور نے الرحمان سٹی فیز ٹو ساہیوال ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں ملزم محمدشفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں14روز کی توسیع کردی،نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ریفرنس کے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔نیب خیبر پختونخوا نے محکمہ تعلیم پشاور اورضلع ہنگو کے سابق اور موجودہ 16افسران کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس احتساب عدالت پشاور میں دائر کردیا،جج منیرہ عباسی نے نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 27جنوری کو طلب کر لیا۔